تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے انٹونی بلنکن سے ملاقات میں حماس کی قید میں یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق امریکا کی نئی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے حمایت کا یقین دلایا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے وزیراعظم نیتن یاہو سے 3 گھنٹے ملاقات کی اور غزہ جنگ بندی مذاکرات سے متعلق مختلف نکات پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے حماس کی قید میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے نئی تجویز اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے سامنے رکھی۔ دونوں رہنماؤں نے اس تجویز کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر گفتگو کی۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے پیش کی گئی امریکی تجویز کی حمایت کی۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری پیغام میں ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق امریکی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ جو اسرائیل کی سلامتی کی ضروریات کو مدنظر رکھتا ہے اور جس پر عمل درآمد پر سختی سے اصرار کرتے ہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ امریکی نئی تجویز کیا ہے اور اس پر حماس کا موقف کیا ہے تاہم دوحہ میں مذاکرات کاروں کا دعویٰ تھا کہ یہ تجاویز نہ صرف اسرائیل بلکہ حماس کے لیے قابل قبول ہوں گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات سے چند گھنٹوں قبل اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے کہا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ جنگ بندی معاہدے کا یہ آخری موقع ہے۔