ممبئی: بھارت کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے بالی ووڈ فنکاروں کو بیوقوف اور خالی دماغ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ پارٹیز کسی صدمے سے کم نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بالی ووڈ فنکاروں کے بارے میں کُھل کر بات کی۔
میزبان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا کہ بالی ووڈ میں میرا کوئی دوست نہیں کیونکہ بالی ووڈ سے وابستہ ہر شخص خود غرض، بیوقوف، خالی دماغ اور خود پسند ہے۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ بالی ووڈ فنکاروں کے پاس بات کرنے کے لیے کوئی موضوع تک نہیں ہوتا، انہیں یہ بھی نہیں معلوم ہوتا کہ دُنیا میں چل کیا رہا ہے، تو ایسے لوگوں سے دوستی کرنے کا فائدہ کیا؟
اداکارہ کی بات سُن کر میزبان نے کہا کہ پوری بالی ووڈ انڈسٹری ایک جیسی نہیں ہوسکتی، جس پر کنگنا نے کہا کہ میں نے بالی ووڈ کو بہت قریب سے دیکھا ہے، مجھے معلوم ہے کہ یہاں سب ایک جیسے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر بالی ووڈ فنکار شوٹنگ نہ کررہے ہوں تو پھر ان کے پاس دوسرا کوئی کام نہیں ہوتا، یہ دُنیا کے فارغ ترین لوگ بن جاتے ہیں، صبح اُٹھتے ہیں، کچھ دیر ورزش کرتے ہیں، پھر سو جاتے ہیں، پھر اُٹھ جاتے ہیں، بس یہی ان کا معمول ہوتا ہے۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ بالی ووڈ فنکاروں کی گفتگو صرف برانڈڈ بیگز یا گاڑیوں تک محدود ہوتی ہے، مجھے آج تک بالی ووڈ میں کوئی ایسا فنکار نہیں ملا جو برانڈڈ چیزوں کے بارے میں بات نہ کرتا ہو۔
اداکارہ نے بالی ووڈ پارٹیز کے بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ بالی ووڈ پارٹیز بہت شاندار ہوتی ہیں لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ ان پارٹیز میں کوئی بھی اپنی شخصیت، ذہانت، یا فن کے بارے میں بات نہیں کرتا، میرے لیے تو بالی ووڈ پارٹیز ایک صدمے جیسی ہوتی ہیں۔